ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پتور میں مزدور کی لاش گھر کے باہر چھوڑنے کا معاملہ : دلت تنظیموں نے کیا احتجاجی مظاہرہ

پتور میں مزدور کی لاش گھر کے باہر چھوڑنے کا معاملہ : دلت تنظیموں نے کیا احتجاجی مظاہرہ

Mon, 18 Nov 2024 12:22:11  SO Admin   S.O. News Service

پتور، 18 / نومبر (ایس او نیوز) مزدوری کے لئے جانے والا شخص فوت ہونے کے بعد اس کی لاش ایک پک اپ ٹرک میں لاد کر اس کے گھر کے باہر چھوڑنے کے معاملے میں مقامی عوام میں سخت ناراضگی پیدا ہوئی جس کے بعد پولیس کے پاس شکایت درج کی گئی اور دلت تنظیموں نے اس معاملے کی تفتیش کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
    
شیوپّا کی بیٹی اوشا نے پولیس کے پاس اپنی شکایت میں بتایا ہے کہ شیوپّا (69 سال) کو ہینری نامی شخص صبح قلی مزدوری کے لئے لے گیا تھا ۔ پھر دوپہر کو ہینری اپنے پک اپ ٹرک میں شیوپا کو لٹا کر لایا اور ان کے گھر باہر سڑک کنارے ہی چھوڑ کر چلا گیا ۔ جب گھر والوں نے باہر جا کر دیکھا تو وہاں شیوپّا کی لاش پڑی ہوئی تھی ۔ 
    
معلوم ہوا ہے کہ اس تعلق سے ہینری سے پوچھنے پر اس نے بتایا کہ شیوپّا کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے وہ اسے واپس گھر کے پاس لایا تھا اس وقت وہ فوت نہیں ہوا تھا ۔ اس بات کو گھر والے اور مقامی افراد ماننے کے  لئے تیار نہیں ہیں ۔ وہ اس موت کو مشکوک مانتے ہیں اور لاش کو سڑک کنارے چھوڑ کر چلے جانے کو ایک انسانی حرکت قرار دیتے ہیں ۔
    
شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس انسپکٹر جانسن ڈیسوزا اور دیگر عملے نے شیوپّا کے گھر پہنچ کر معائنہ کیا اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے سرکاری اسپتال میں منتقل کیا گیا ۔ 
    
مختلف دلت تنظیموں نے پتور ٹاون پولیس پہنچ کر احتجاجی مظاہرا کرتے ہوئے اس معاملے کی گہرائی سے جانچ اور قصورواروں کے خلاف کٹھن کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ پولیس نے ہینری کے کارخانے میں پہنچ کر اس پک اپ ٹرک کو ضبط کر لیا جس میں مبینہ طور پر شیوپّا کی لاش اس کے گھر تک لائی گئی تھی ۔ 


Share: